Khabren News.com

Be Updated

وزارت سائنس وٹیکنالوجی کا نمائندہ پہلی مرتبہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں شامل

وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر طارق مسعود مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ممبر مقرر

وزارت مذہبی امور کی جانب سے ڈاکٹر طارق مسعود کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں تقرری کا نوٹیفکیشن  جاری کیاگیا اور وہ بطور ٹیکنیکل ایکسپرٹ مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔


وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کورویت ہلال کمیٹی میں شامل کیا گیا اور یہ درست سمت میں قدم شامل ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی تہوار اتحاد اور برکت کا باعث ہوتے ہیں، اسی جذبے سے آگے بڑھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ چاند کی رویت کو لے کر فواد چوہدری اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان اکثر اختلافات سامنے آتے رہے ہیں، فواد چوہدری کا مؤقف رہا ہے کہ چاند کی رویت میں سائنس کی خدمات بھی حاصل ہونی چاہئیں۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اس سلسلے میں قمری کیلنڈر بھی بنایا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی نمائندگی ہونے سے اختلافات ختم ہوں گے۔

خیال رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت میٹ آفس کراچی میں 23 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق خیبر پختونخوا میں رمضان کا چاند 23 اپریل کو نظر آنے کا امکان نہیں جبکہ محکمہ موسمیات کا بھی کہنا ہے کہ 23 اپریل کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

Please follow and like us:

Corona Virus Current Status in Pakistan

Follow all SOP. Keep social distancing, Wear mask