Khabren News.com

Be Updated

احساس پروگرام، 60گھنٹوں میں 10لاکھ سے زائد خاندانوں کو امدادی رقم تقسیم

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے نتیجے میں مشکلات کا شکار ہونیوالے 10 لاکھ 98 ہزار خاندانوں میں 60 گھنٹوں کے دوران احساس پروگرام کے تحت 13 ارب 18 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کردی گئی۔

معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں کرونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ متوسط، دیہاڑی دار اور غریب طبقے کے مستحق خاندانوں کی امداد کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا 9 اپریل 2020ء سے آغاز کیا گیا تھا، 60 گھنٹوں کے دوران دس لاکھ 98 ہزار خاندانوں میں 13 ارب 18 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کردی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ خصوصی پروگرام سے ملک بھر میں کرونا لاک ڈاؤن سے متاثر دیہاڑی دار، غریب اور متوسط طبقے کے مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کیلئے ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کے 17 ہزار مراکز قائم کئے جائیں گے، اب تک 7 ہزار 317  بایومیٹرک ادائیگی مراکز نے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ ادائیگیوں کے دوران مراکز پر کرونا حفاظتی اقدامات اور تمام تر احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے صوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ احساس ایمرجنسی کیش ادائیگیوں میں کسی صورت کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی، پچھلے 60 گھنٹوں کے دوران کرپشن میں ملوث 39 سے زائد افراد کیخلاف کارروائی ہوچکی، صارفین کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے 34 ایف آئی آر درج کی گئیں، کیس ادائیگی کے دوران 500 سے 1000 روپے کی ناجائز کٹوتی کرنیوالے بدعنوان ڈیوائس آپریٹرز کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، فوج اور احساس ضلعی دفاتر مل کر مشکل کی اس گھڑی میں مجبور افراد کا استحصال کرنیوالے بدعنوان عناصر کیخلاف سخت ترین ایکشن لے رہے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی بھی ڈیوائس آپریٹر کٹوتی کا مطالبہ کرے تو فور ی طور پر متعلقہ اتھارٹی کو اطلاع دیں، عوام اپنے سوالات کے جواب کیلئے ٹول فری ٹیلی نمبر 26477-0800 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں

Please follow and like us:

Corona Virus Current Status in Pakistan

Follow all SOP. Keep social distancing, Wear mask